بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

الیکشن کمیشن کا عمران خان کو نوٹس

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 چارسدہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔ خیال رہے کہ ای سی پی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو این اے 24 چارسدہ میں بطور امیدوار نوٹس جاری کیا ہے۔ 

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بار بار تنبیہ کے باوجود وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ای سی پی کے مطابق سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کا بےدریغ استعمال کیا گیا۔ 

الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، وزیرِ قانون فضل شکور، مشیرِ معدنیات محمد عارف کو بھی نوٹس جاری کردیے گئے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر (ڈی ایم او) چارسدہ نے انہیں 20 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔ 

ڈی ایم او چارسدہ کا کہنا ہے کہ تمام امیدواروں کو یکساں ماحول میسر نہیں آ رہا، کیوں نہ وزیر اعلیٰ کے پی پر ضمنی انتخاب کے دوران ہیلی کاپٹر کے استعمال پر پابندی لگادی جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی رکاوٹیں ڈالی گئیں تو کیوں نہ امیدوار کو نااہل کرنے کی سفارش کردی جائے؟ای سی پی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں ذاتی طور پر یا پھر وکیل کے ذریعے جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Back to top button