بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پیٹرول کی قیمت میں18 روپے 50 پیسے،ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کر رہے ہیں،وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گری ہیں، آج ہمیں قیمتوں کو کم کرنے کا موقع ملا ہے، میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی عوام سے غلط بیانی نہیں کروں گا، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، اللہ کا کرم ہےکہ آج ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا، تیل کی قیمتوں میں کمی کا ایک ایک پیسا عوام تک پہنچانے کی سعادت ملی ہے ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

ڈیزل کی نئی قیمت 40 روپے54 پیسےکمی کے بعد 236 روپےلیٹر ہوگئی ہے جب کہ پیٹرول کی نئی قیمت 18 روپے 50  پیسےکمی سے 230 روپے24 پیسےفی لیٹر ہوگئی ہے،  مٹی کے تیل کی قیمت 33.81 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 196.45 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 37.71 روپے کمی کے بعد 191.44 روپے فی لیٹرکردی گئی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے جاتے جاتے تیل کی قیمتوں میں کمی کی جس کے لیے خزانے میں پیسے نہیں تھے، یہ کام اس لیے کیا گیا تاکہ ہماری حکومت مشکلات میں گر جائے، جب گیس کی قیمتیں دنیا میں کم ہوچکی تھی سابق حکومت نے گیس نہیں خریدی۔

مزید پڑھیے  ڈاکٹر اسد مجید خان سیکریٹری خارجہ تعینات

ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ پہلے حکومت سنبھالی تو ہمیں ورثے میں تباہ شدہ معیشت ملی، جب حکومت سنبھالی تو پاکستان میں مہنگائی اپنے عروج پر تھی، دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ سخت ترین شرائط پر معاہدہ کیا اور جاتے جاتے معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں، ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا گئی، سابق حکومت نے بد ترین اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بھی شبانہ روز محنت کے بعد معاہدہ ہوچکا ہے، خدا کرے کے ہمارا  آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہو، خود انحصاری واحد راستہ ہے جو قوموں کو عزت اور وقار سے ہمکنار کرتا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کا سہرا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ٹیم کو جاتاہے۔

Back to top button