بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب ملک تیمورمسعود اکبر کا نواب آباد بازار کا دورہ

پونے چارکروڑ کی لاگت سے سیورج لائن،فٹ پاتھ کی تعمیراورسڑک کی کشادگی کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب ملک تیمورمسعود اکبر نے نواب آباد بازار کا دورہ کیا اورپو نے چارکروڑ کی لاگت سے سیورج لائن، فٹ پاتھ کی تعمیر اور سڑک کی کشادگی کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے عہدیداران رستم ممتاز خان ،شاہد صغیرمنہاس، ملک عادل جہانگیر اور زاہد قریشی سمیت کارکنان، تاجربرادری اور شہریوں کی کثیر تعدادموجود تھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے ملک تیمورمسعود اکبر کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر انجمن تاجران کے کہنے پرنواب آباد بازار کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈزکا اجراء کرایا،پنجاب حکومت کی جانب سے اپنے صوابدیدی فنڈزمیں سے 80کروڑ روپیہ چار سال کے اندر واہ کینٹ کی آبادیوں میں ترقیاتی کاموں پر خرچ کیاگیا حلقہ میں جاری تمام ترقیاتی کام اسی مالی سال میں 30 جون سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔

رات 10بجے تک سٹاف کی موجودگی کے باوجود نواب آباد گیٹ بند رکھنا افسوسناک ہے مسئلہ کے حل کے لیے چیئرمین پی اوایف بورڈ سے بات کروں گا واہ کینٹ بالخصوص تھانہ صدر واہ کی حدود جرائم کاگڑھ بن چکی ہے ،ڈکیتی،سنیچنگ اورقبضہ گروپس کو تحفظ دیا جارہا ہے اوران تمام کاموں میںپولیس ،انتظامیہ ملوث ہے پولیس کے اعلیٰ حکام کوتنبیہ کرتا ہوں کہ وہ جرائم پیشہ اورسیاسی انتقام کا آلہ کاربننے کی بجائے عوام کے تحفظ کویقینی بنائیں اور ایس ایچ اوتھانہ صدر واہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے، پولیس کوسات دن کاالٹیم میٹم دیتاہوں کہ امن وامان کی صورتحال کوبہتر بنایا جائے اگر حالات میں بہتری نظر نہ آئی تو عوام کے ساتھ مل کربھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہناتھا کہ جمیل آباد آصف آباد ،منیرآباد ،نواب آبادسمیت جی ٹی روڈ سے باہرکی آبادیاں جوکہ کینٹ بورڈ کا حصہ ہیں اسکے باوجود عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان آبادیوں میں سیورج، گلیوں، نالیوں اور سڑکوں کی تعمیر کو ترجیح دی گئی، میری کوشش ہے کہ حلقہ میں جاری تمام تر قیاتی منصوبے اسی مالی سال میں پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں۔

Back to top button