بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ڈیرن سیمی کو ستارہ پاکستان مل گیا

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کو ان کی خدمات کا صلہ مل گیا۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ڈیرن سیمی نے ستارہ پاکستان کا ایوارڈ ملنے کی تصویر شیئر کی ہے، ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے سیمی نے لکھا کہ ’جی ہاں یہ میں ہوں جسے ستارہ پاکستان سے نوازا جارہا ہے جو کہ میرے لیے فخر کی بات ہے‘۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر لکھا کہ ” کرکٹ نے مجھے پوری دنیا گھمائی، جس کی مدد سے میں نے دنیا کی حیرت انگیز جہگوں کو دیکھا اور لطف اندوز ہوا، پاکستان یقیناً ان جگہوں میں سے ایک ہے۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ “ایک ایسی جگہ جو ہمیشہ مجھے اپنا گھر محسوس ہوتی ہے”، حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے ستارہ پاکستان کا حاصل کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے پاکستان کی مقبول ترین پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔

ستارہ پاکستان کے اعزاز سے نوازنے پر شائقین کرکٹ کی جانب سے اس اقدام کو خوب سراہا جارہا ہے جبکہ انہیں مبارک باد بھی پیش کی جارہی ہیں۔

Back to top button