بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

پاکستانی نژاد دو ہسپانوی بہنوں کا قتل، ماسٹرمائنڈ سمیت 6 افراد گرفتار

گجرات پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گلیانہ تھانے کی حدود میں واقع گاؤں نتھیا میں پاکستانی نژاد دو ہسپانوی بہنوں کو اپنے شوہروں کو اسپین لے جانے میں ناکامی پر قتل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں لکھا کہ اس افسوس ناک واقعے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 6 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول بہنیں خاندان میں اپنی زبردستی شادیوں کے خلاف تھیں جس پر انہیں مبینہ طور پر ان کے بھائی اور چچا نے قتل کیا۔پولیس نے کہا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے گجرات کے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سونپا تھا۔

جمعہ کے روز عروج عباس اور انیسا عباس جن کی عمریں 21 سے 23 سال کے درمیان تھیں، اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں، قتل کرنے سے قبل دونوں بہنوں کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

دونوں بہنوں کی شادی ایک سال سے قبل پاکستان میں ان کے کزنز کے ساتھ ہوئی تھی لیکن وہ اپنے شوہروں کے ساتھ اسپین میں آباد ہونے کے لیے ویزا حاصل کرنے سے قاصر تھیں۔

پولیس نے کہا کہ مقتولہ لڑکیوں کے سسرال والوں کو شک تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر اپنے شوہروں کے ویزے کے طریقہ کار میں تاخیر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں بہنوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جبکہ فرانزک ماہرین کی ٹیم نے جائے وقوع سے فرانزک شواہد اکٹھے کیے تھے۔

ہفتہ کو پولیس نے 7 نامزد ملزمان کے خلاف متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، نامزد ملزمان میں لڑکیوں کا چچا راجا حنیف عرف گوگا، جو کہ مقتولہ انیسا کا سسر بھی ہے، اس کی ساس فرزانہ حنیف، شوہر عطیق، مقتولہ عروج کے شوہر حسن، سسر اورنگزیب، مقتولہ کے بھائی شہریار، قاصد حنیف اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں۔

مقتولہ بہنوں کی والدہ کی جانب سے بیٹیوں کے قتل کیس میں شکایت کنندہ بننے سے انکار کے بعد گلیانہ پولیس کے اے ایس آئی ندیم کی شکایت پر واقعے کی ایف آئی آردرج کی گئی تھی۔

Back to top button