بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نسلہ ٹاور کا مالک عبدالقادر کاتلیہ انتقال کر گیا

سپریم کورٹ کے حکم پر گرائی گئی کراچی کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت نسلہ ٹاور کے مالک عبدالقادر کاتلیہ انتقال کرگئے۔

نسلہ ٹاور کے مالک کے وکیل عبدالمجید کھوسو نے بتایا کہ عبدالقادر کاتلیہ پیر کی شام کو انتقال کرگئے۔

سپریم کورٹ نے قوانین کی خلاف ورزی پر گزشتہ برس شاہراہ فیصل کے ساتھ تعمیر ہونے والی 15 منزلہ عمارت گرانے کا حکم دیا تھا اور اس وقت عمارت گرانے کا کام جاری ہے۔تحریر جاری ہے‎سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نسلہ ٹاور کے مالک عبدالقادر کے ساتھ ساتھ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے سابق چیئرمین، 15 افسران اور سندھی مسلم کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے عملے کے خلاف سروس روڈ پر تجاوز کرکے عمارت تعمیر کرنے کے الزام پر مقدمہ درج کردیا گیا تھا۔

وکیل عبدالمجید کھوسو نے کہا کہ میرے مؤکل کے بھائی غفار کاتلیہ نے اپنے بھائی کے انتقال سے آگاہ کیا۔

نسلہ ٹاور کے مالک پولیس صوبائی انسداد کرپشن کے محکمے کی جانب سے تجاوزات کرکے غیرقانونی طور پر کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں ضمانت پر تھے۔

فیروز آباد تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمے میں ٹاور کی اجازت دینے والے افسران، سندھ مسلم کو آپریٹو سوسائٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سمیت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران کو نامزد کیا گیا تھا۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ نسلہ ٹاور تعمیر کرنے والے بلڈر عبدالقادر نے سندھی مسلم کو آپریٹو سوسائٹی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ایم پی ڈی کی ملی بھگت سے سروس روڈ کے لیے مختص اراضی پر غیر قانونی فلیٹس اور دکانوں کی تعمیر کی جس پر عدالت نے فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔

مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 161، 167، 218، 408، 409، 420، 447 شامل کی گئی تھیں۔

Back to top button