بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پشاور دھماکے کا مقدمہ درج

گزشتہ روز خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور کی جامع مسجد کوچہ رسالدار میں ہوئے خود کش دھماکے کا مقدمہ محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

اس سے قبل خود کش دھماکے کے مقدمے کے اندراج کے لیے پشاور کے تھانہ خان رازق کے ایس ایچ او کی مدعیت میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو مراسلہ لکھا گیا تھا۔

مراسلے میں کہا گیا تھا کہ خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہونے سے پہلے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

مراسلے کے مطابق حملہ آور نے مسجد کے اندر نمازیوں پر فائرنگ کی اور خود کش دھماکا کیا، دھماکے سے مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچا۔

مراسلے میں سی ٹی ڈی سے دہشت گردی کی دفعات کے تحت واقعے کے مقدمے کے اندراج کے لیے کہا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 57 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔

سیاہ لباس میں ملبوس بمبار نے پہلے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی پھر منبر کے سامنے آ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

Back to top button