بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

شاہ محمود قریشی کا یوکرینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ،کشیدگی کی کمی کیلئے سفارتکاری پر زور

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتکاری پر زور دیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو شاہ محمود قریشی نے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں پاکستان کے نقطہ نظر سےتفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیاکہ تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے جبکہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کو سفارت کاری سے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ روس میں روس اور یوکرین کے درمیان حالیہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ اس تنازع سے حل کیا جا سکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ تنازع کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور ترقی پذیر ممالک ہمیشہ تنازعات کی صورت میں معاشی طور پر سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیاکہ تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

وزیر خارجہ قریشی نے یوکرین میں پاکستانی کمیونٹی اور طلبا کے انخلا اور ان کی بحفاظت پاکستان واپسی کا اہم معاملہ بھی اٹھایا۔

انہوں نے انخلا کے عمل میں جلد از جلد سہولت کی فراہمی اور احسن انداز میں سرحد پار کرنےکے لیے یوکرینی حکام کےکردار کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں بھی رابطے میں رہنے پر مکمل اتفاق کیا۔

Back to top button