بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

دنیا مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے،پاکستان

یوم یکجہتی کشمیر کل(ہفتہ) اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

آج(جمعہ) اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوزبریفنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں فوج اور پولیس کے محاصرے کے باعث انسانی حقوق اور سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تحفظات ہیں۔انہوں نے کہا کہ معصوم کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل عام مسلسل جاری ہے۔ شاید ہی کوئی دن گزرتا ہو کہ بھارتی فورسز کی جانب سے کسی جعلی مقابلے، محاصرے یا تلاشی کے نام پر آپریشن کی کوئی خبر نہ آتی ہو۔ یکم جنوری سے اب تک جنگل کے قانون والے مقبوضہ خطے میں چوبیس کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے غیرقانونی قبضے میں گھرے کشمیریوں کو بے رحمانہ کارروائیوں اور عقوبت خانے سے نجات دلانے کیلئے اقدام کرنے چاہئیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کیلئے استقامت کے ساتھ پرامن جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو بڑے پیمانے پر جاری ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی پامالی سے روکنا چاہئے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا جموں و کشمیر کے مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قرارداوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Back to top button