بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

قومی کبڈی چیمپئن شپ، پاکستان ایئر فورس اور واپڈا مشترکہ چیمپئن

قومی کبڈی چیمپئن شپ میں پاکستان ائیرفورس اور واپڈا کو مشترکہ طورپر فاتح قرار دے دیا گیا۔

نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔ دفاعی چیمپئن پی اے ایف اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل سنسنی خیز رہا۔

شائقین کی ایک بڑی تعداد میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود تھی اور ایک موقع پر میدان کے اندر داخل بھی ہو گئی۔

ہاف ٹائم پر واپڈا کو 8 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی سخت مقابلہ ہوا ، کھیل کے اختتام سے چند لمحات پہلے جب میچ 46-46 سے برابر تھا تو ایک پوائنٹ واپڈا کو ملا تو حریف ٹیم نے اسے ماننے سے انکار کیا اور احتجاج کیا جس کے باعث میچ خاصی دیر رکا رہا۔

منتظمین نے فیصلہ کیا کہ 46-46 کی برابری پر واپڈا ریڈ کرے لیکن پی اے ایف نے یہ فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا اور گراؤنڈ میں نہ آئی جس پر واپڈا کو فاتح قرار دے دیا گیا لیکن پھر دوبارہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے اپنا فیصلہ تبدیل کیا اور دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پرچیمپئن قرار دے دیا۔

دونوں ٹیمیں 6، 6 ماہ ٹرافی اپنی پاس رکھیں گی۔ 

Back to top button