بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا

پاکستان کے لئے 55 ٹیسٹ 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 کھیلنے والے آل راونڈر محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل طور پر رخصت لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ البتہ آل راونڈر دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیلتے ضرور دکھائی دیں گے۔17 اکتو بر 1980 کو سرگودھا میں آنکھ کھولنے والے محمد حفیظ نے 3 اپریل 2003 کو شارجہ میں زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا بین الاقوامی ون ڈے کھیلا، اسی سال اگست میں انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کر اچی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو بھی کیا۔28 اگست 2006 کو برسٹل میں انگلینڈ کے خلاف انضمام الحق کی قیادت میں جب پاکستان نے اپنا پہلا بین الاقوامی ٹی 20 کھیلا تو محمد حفیظ اس ٹیم میں بھی شامل تھے۔

محمد حفیظ نے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دئیے، آل راونڈر نے ایک ٹیسٹ 2 ون ڈے اور 29 ٹی 20 میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دئیے، محمد حفیظ کا شمار پاکستان کے ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، جو اپنے سخت موقف کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، خاص طور پر میچ فکسنگ اور ڈسپلن کے حوالے سے محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ میں ایک نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔2014 میں بنگلا دیش میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد بطور کپتان محمد حفیظ نے تمام ذمہ داری قبول کی اور پاکستان پہنچ کر قیادت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا۔2020 میں محمد حفیظ اپنے ٹی 20 کیرئیر کی بہترین فارم میں نظر آئے ، انہوں نے 10 میچو ں میں 4 نصف سینچریوں کیساتھ 415 رنز اسکور کئے، البتہ افسوس پاکستان کرکٹ بورڈ کی سطح پر اس شاندار پرفارمینس کے باوجود محمد حفیظ کی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کیساتھ سرد جنگ نے عظیم کھلاڑی کی اس پرفارمینس کو کسی اعزاز کا مستحق نہ ہو نے دیا۔

پاکستان کے لئے 50 اووورز کے 3 ورلڈ کپ 2007، 2009 اور 2019 کھیلنے والے محمد حفیظ کو 2015 ورلڈ کپ میں منتخب ہو نے کے باوجود اس وقت کی ٹیم مینجمنٹ نے فٹنس گراونڈ پر ڈراپ کر دیا جس کا سابق کپتان کو بے حد افسوس ہے، کیونکہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ ایونٹ کے صرف دو میچ کے بعد فٹ ہو سکتے تھے البتہ انہیں فورا آسٹریلیا سے پاکستان روانہ کردیا گیا۔2007 میں جنو بی افریقا میں شعیب ملک کی قیادت میں پہلا آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کھیلنے والے محمد حفیظ 2009 کے علاوہ پاکستان کے لئے تمام آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے، اپنے کیرئیر کے دوران دائیں ہاتھ سے گیند کر نے والے محمد حفیظ کو کیرئیر میں کئی بار مشکوک بولنگ ایکشن کے مرحلے سے گزرنا پٹرا،البتہ اس سلسلے میں قانونی راستے کیساتھ محمد حفیظ نے فتح کو گلے لگایا۔

بھارت میں انڈین پریمئر لیگ کھیلنے والے محمد حفیظ نے آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا، بنگلا دیش، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا میں لیگ کرکٹ بھی کھیلی اور پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے بعد اب وہ لاہور قلندرز کے لئے کھیلتے ہیں۔محمد حفیظ نے پاکستان کے لئے 392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سینچریوں 64 نصف سینچریوں کی مدد سے بنائے، ایک مستند فیلڈر مانے جانے والے محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کیساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

Back to top button