بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سیالکوٹ واقعہ، راناٹنگا کا وزیراعظم عمران خان کو خط

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رانا ٹنگا نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا اور کہا ہے کہ آپ کی حکومت کی پریانتھا کمارا کو انصاف دلانے کی کوششوں کی ستائش کرتا ہوں۔

رانا ٹنگا نے خط میں لکھا کہ ایسے پُرتشدد رویے کی سخت مذمت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ یہ کارروائیاں آبادی کے ایک چھوٹے سے حصے کی طرف سے کی جاتی ہیں، چند لوگوں کے اعمال پر پوری قوم بالخصوص پاک سری لنکا تعلقات کو نہیں پرکھا جانا چاہیے۔

رانا ٹنگا نے لکھا کہ دونوں قوموں کے درمیان رشتہ ہمیشہ مضبوطی اور یکجہتی کا رہا ہے، جب سری لنکا مشکل کا شکار تھا تو یہ پاکستان ہی تھا جس نے ہمارے فوجیوں کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ 1996 میں دیگر ممالک نے کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے سری لنکا آنے سے انکار کردیا تھا، پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا آکر اس کی حمایت کا اظہار کیا۔

رانا ٹنگا کا کہنا تھا کہ کرکٹ ہو یا سیاست آپ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کرنے میں غیر متزلزل رہے ہیں، جب سے آپ وزیر اعظم بنے ملک کے متنازع مسائل کو احتیاط سے حل کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے آپ پاکستانی کمیونٹی کے چند گمراہ افراد کو عزت سے برتاؤ سکھا سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھیانک جرم کے مرتکب تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر شکرگزار ہوں۔

Back to top button