بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پیر سے وکیل کی حیثیت سے اپنی پریکٹس دوبارہ شروع کر رہا ہوں،شوکت صدیقی

تین سال تک اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے سینئر جج کے عہدے سے برطرفی کے اپنے کیس کی پیروی کرنے کے بعد شوکت عزیز صدیقی نے بالآخر وکالت شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق شوکت عزیز صدیقی سپریم کورٹ، تمام ہائی کورٹس اور شریعت کورٹ میں اپنے مؤکلوں کے مقدمات کی پیروی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں پیر سے وکیل کی حیثیت سے اپنی پریکٹس دوبارہ شروع کر رہا ہوں‘۔

ہائی کورٹ کے معزول جج نے کہا کہ انہوں نے اپنے مؤکلوں کے بہت سے کیسز لیے ہیں اور ان کا مطالعہ شروع کر دیا ہے۔

شوکت عزیز صدیقی نے مزید کہا کہ جج بننے سے پہلے میں ایک کامیاب وکیل تھا اور مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی پریکٹس دوبارہ شروع کر رہا ہوں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) کی سفارش پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو متنازع تقریر کے معاملے پر انہیں ان کے عہدے سے برطرف کردیاتھا۔

ایس جے سی ایک آئینی فورم ہے جو سپریم کورٹ کے ججوں کے طرز عمل کا جائزہ لیتا ہے اور پھر انہیں اعلیٰ عہدے سے ہٹانے کی سفارش کرتا ہے۔

Back to top button