بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دہشت گردوں کے حملے میں دو اہلکار شہید

خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں پاک فوج کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سےجاری بیان کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چترال سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نائیک رحمٰن اور ٹانک سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ لانس نائیک عارف شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی صفائی کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے ۔

اس سے قبل رواں ہفتے بلوچستان کے کے علاقے مکران میں اسی طرح کے ایک حملے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق بیرونی فنڈنگ لینے والے دہشت گردوں کے گروپ کی جانب سے مکران کے علاقے ٹمپ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دستیاب اسلحے سے ان کو جواب دیا، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ اس حملے کے دوران خاران سے تعلق رکھنے والے سپاہی نصیب اللہ اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے سپاہی انشااللہ نے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ اس سے قبل پیر کو ایران کی سرحد کےقریب بلوچستان کے علاقے پنجگور میں دہشت گردوں کے گینگ سے تصادم کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ دہشت گردوں نے گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈیرا اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے سپاہی جلیل خان شہید ہوگئے۔

Back to top button