بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم عمران خان نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کردیا

وزیراعظم عمران خان نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کردیا۔وزیراعظم عمران خان نے  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماہ ربیع الاول کیلئے 10 روزہ رحمت اللعالمین ﷺ تقریبات کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ اتھارٹی کے تحت امن اور انسانیت کے مذہب کے طور پر اسلامی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے گا۔

ان کا کہناتھاکہ بین الاقوامی علمائے کرام پر مشتمل ایک عالمی مشاورتی بورڈ بھی قائم کیا جائے گا جو دنیا کے سامنے اسلام کا حقیقی چہرہ پیش کرے گا جبکہ وہ رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے سرپرست اعلیٰ ہوں گے اور اس کا چیئرمین اسلام کا اہم سکالر ہوگا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ اتھارٹی حضور اکرم ﷺکی تعلیمات کی روشنی میں اسکولوں میں پڑھائے جانے والے نصاب کا جائزہ لے گی اور اسلام کے حقیقی تشخص کے بارے میں جامعات میں تحقیق کا اہتمام کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمارے بچوں کو اسلامی کلچر سے روشناس کرانے کیلئے ایک کارٹون سیریز تیار کی جائے گی، اسلام کی اپنی ثقافتی اقدار ہیں جنہیں ہمیں اپنے بچوں کو بتانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم انہیں صنفی جرائم جیسی برائیوں سے بچا سکیں۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ اتھارٹی ذرائع ابلاغ پر کسی بھی قسم کے گستاخانہ مواد کی تشہیر کے بارے میں بھی چوکس رہے گی اور اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرے گی۔

Back to top button