بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

قوم دعا کرے انشا اللہ مایوس نہیں کروں گا، میڈل جیت کر آئوں گا،ارشد ندیم

میرے کوچ نے میرے لیے دن رات بہت محنت کی ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہم فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے

جاپان میں جاری ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں فائنل کے لے کوالیفائی کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ اللہ تعالے کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوا ہوں، پاکستانی قوم کا بھی بہت شکر گزار ہوں جس نے میرے لیے دعائیں کیں اور مجھے سپورٹ کیا۔

ارشد ملک ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، وہ فائنل میں 7 اگست کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

ارشد ندیم نے کوالیفائنگ مقابلے کے بعد کوچ کے ہمراہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ قوم سے ایک بار پھر درخواست کروں گا کہ میرے لیے مزید دعا کریں، میں مایوس نہیں کروں گا اور اچھا پرفارم کر کے پاکستان کے لیے میڈل حاصل کروں گا اور قومی پرچم سر بلند کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے کوچ نے میرے لیے دن رات بہت محنت کی ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہم فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے۔

ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری نے کہا کہ ارشد ندیم نے عمدہ تھرو کی جس سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، سپورٹ کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے۔

ارشد ندیم کو ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اکرم ساہی نے بھی فون کیا اور انہیں مبارکباد دی ہے۔

اکرم ساہی نے کہا کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم کی کارکردگی کا عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے کہ وہ کارکردگی کو فائنل میں بھی برقرار رکھیں گے اور تاریخ رقم کریں گے۔

Back to top button