بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اتنی قربانیوں کے بعد ہم پاگل ہیں ڈیل کرلینگے، مریم نواز

اسرائیل دوستی آپ کا ذاتی فیصلہ نہیں، 22 کروڑ عوام کا فیصلہ ہے، ان کو اعتماد میں لیں اور سچ بتائیں

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے، اگر ایسا نہیں ہے، تو بہت ساری نیوز ایجنسیاں اور لوگ رپورٹ کر رہے ہیں، مگر کوئی تردید نہیں آ رہی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر مریم نواز میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں تو ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اسرائیل کی تعریفیں کر رہے تھے، کہیں ایسا تو نہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے؟

مریم نواز نے جواب میں کہا کہ مجھے ایسا ہی لگ رہا ہے، اگر ایسا نہیں ہے، تو بہت ساری نیوز ایجنسیاں اور لوگ رپورٹ کر رہے ہیں، مگر کوئی تردید نہیں آ رہی، اگر ایسا ہے تو قوم کو بتائیں تاکہ قوم اپنا فیصلہ لے، اگر آپ نے دوستی کرنی ہے تو یہ آپ نہیں کر سکتے، یہ آپ کا ذاتی فیصلہ نہیں، 22 کروڑ عوام کا فیصلہ ہے، ان کو اعتماد میں لیں اور سچ بتائیں۔

ایک اور صحافی کو جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ آپ لوگ ہر بات میں ڈیل نکال کر لے آتے ہیں، کیوں ڈیل ہو گی اور کس کے ساتھ ہو گی؟ اتنی قربانیاں دینے کے بعد ہم کیا پاگل ہیں کہ ان کے ساتھ ڈیل کر لیں گے جن کے خلاف جدوجہد ہے، ان سے ڈیل کیسے کر سکتے ہیں؟

Back to top button