بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

یونس خان بیٹنگ کوچ کے عہدے سے مستعفی،پی سی بی کی تصدیق

پاکستان کرکٹ بورڈ اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی تبصرے سے گریز کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرلیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں یونس خان کی بورڈ سے علیحدگی کا اعلان کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اعلامیے میں کہا کہ یونس خان جیسی قد آور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے، فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی تبصرے سے گریز کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا، اپنے عہدے سے علیحدگی کے بعد اب دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ 25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے، اس دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔

قومی ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی جہاں اسے 24 اگست تک 5 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں۔

Back to top button