بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ہرارےٹیسٹ، زمبابوے 176پر ڈھیر،حسن اور شاہین آفریدی کی 4،4وکٹیں

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا

حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ کے سبب زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔زمبابوے نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اننگز کے دوسرے ہی اوور میں میزبان ٹیم کا کھاتا کھولنے سے قبل ہی حسن علی نے لیون کسوزا کو چلتا کردیا۔

پرنس مسوارے اور تریسائی مسوکانڈا نے اسکور کو 18 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے 11 رنز بنانے والے مسوارے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اسکور ابھی 30 تک ہی پہنچا تھا کہ نعمان علی نے مساکانڈا کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ حسن علی نے قائم مقام زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر کو چلتا کردیا۔30 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے دونوں کھلاڑی ملٹن شمبا اور روئے کائیا وکٹ پر جمع ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شمبا 27 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔کائیا نے دوسرے اینڈ سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ریگس چکابوا کے ساتھ مل کر اسکور کو 124 تک پہنچا دیا، کائیا 48 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بنے۔پاکستان کو ساتویں کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور حسن علی نے 19 رنز بنانے والے چکابوا کو عمران بٹ کی مدد سے چلتا کیا۔

دوسرے اینڈ سے شاہین شاہ آفریدی نے بھی عمدہ باؤللنگ کرتے ہوئے ٹنڈائی چسورو کو آؤٹ کر کے دوسری وکٹ حاصل کی۔8وکٹیں گرنے کے بعد ڈونلڈ تریپانو اور بلیسنگ مزربانی نے کچھ ہاتھ دکھاتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز اسکور کرنے کی کوشش کی اور نویں وکٹ کے لیے 23 رنز جوڑے لیکن شاہین نے مزربانی کی بھی وکٹیں بکھیر کر ایک اور کامیابی حاصل کی۔

شاہین نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رچرڈ نگاروا کو آؤٹ کر کے زمبابوے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستا کی جانب سے حسن علی اور شاہین نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

Back to top button