بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

این سی او سی کی رمضان المبارک کے لیے ہدایات جاری

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے رمضان المبارک کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔

این سی او سی کے مطابق تراویح کا اہتمام مساجد، امام بارگاہ کے احاطے میں کیا جائے، شہری سڑکوں، فٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے گریز کریں،  مساجد، امام بارگاہوں میں وضو کرنے پر پابندی ہوگی، نمازی حضرات گھر سے وضو کرکے مسجد، امام بارگاہ آئیں جب کہ نمازی وضو کرتے وقت صابن سے 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھوئیں۔

مساجد، امام بارگاہوں میں قالین، دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، نماز فرش پر ادا کی جائے گی اور فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے، شہری مسجد میں گھر سے جائے نماز ساتھ لانے کو ترجیح دیں، 50 سال سے زائد العمر، بچوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہئے جب کہ فلو، کھانسی میں مبتلا نمازیوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہیے اور نمازی حضرات ماسک پہن کر مسجد، امام بارگاہ آئیں۔

شہری مساجد، امام بارگاہوں میں مجمع لگانے سے گریز کریں، صف بندی کے دوران نمازیوں کے مابین 6 فٹ فاصلہ رکھا جائے، نمازیوں کی سہولت کیلئے صفوں میں فاصلہ رکھ کر نشانات لگائے جائیں، کورونا کی موجودہ صورتحال میں معتکفین گھر پر اعتکاف کریں، مساجد، امام بارگاہوں میں سحر و افطار کا اہتمام نہ کیا جائے۔

مساجد، امام بارگاہ انتظامیہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دیں، مساجد، امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو مشروط اجازت دی جا رہی ہے، مساجد، امام بارگاہ کو اجازت ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط ہے، ایس او پیز پر عدم عمل درآمد، کیسز بڑھنے پر پالیسی پر نظر ثانی ہو گی جب کہ حکومت شدید متاثرہ علاقوں کے لیے پالیسی میں تبدیلی کی مجاز ہے۔

Back to top button