
او آئی سی کی خواتین سے متعلق دو روزہ 9ویں وزارتی کانفرنس آج شروع ہو گی
اسلام آباد میں آج اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق دو روزہ 9ویں وزارتی کانفرنس کا آغاز ہو رہا ہے، جس میں او آئی سی رکن ممالک میں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی بااختیار بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔
کانفرنس کا موضوع "او آئی سی ممالک میں خواتین کا سماجی، معاشی اور سیاسی بااختیار بنانا: چیلنجز اور آگے کا لائحہ عمل” رکھا گیا ہے۔
اس اہم اجلاس میں خواتین اور خاندانی امور کے ذمہ دار وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، او آئی سی کے مختلف اداروں کے نمائندے، بین الاقوامی تنظیموں اور ترقیاتی شراکت داروں کے مندوبین شرکت کریں گے۔
کانفرنس کے دوران رکن ممالک میں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی کردار کو مضبوط بنانے، درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے اور مستقبل کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان، بطور چیئرمین، کانفرنس کی کارروائی کی قیادت کرے گا اور او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر باہمی مشاورت، اتفاقِ رائے اور مسلم دنیا میں خواتین کو بااختیار بنانے کی مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے کردار ادا کرے گا۔















