بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور روس کے تھنک ٹینک کا اعلیٰ سطحی اجلاس، تعاون کے نئے راستے تلاش

انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) اور انسٹی ٹیوٹ آف چائنا اینڈ کنٹیمپری ایشیا آف دی رشین اکیڈمی آف سائنسز (ICCA RAS) کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی تھنک ٹینک ڈائیلاگ ماسکو میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور روس کے علمی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پر عزم گفتگو کی گئی۔

یہ اجلاس ICCA-RAS کے دفتر میں ہوا، جس کی قیادت پروفیسر کرل بابائیف نے کی، جبکہ دیگر روسی نمائندوں میں ڈاکٹر دمتری نووکوف، محترمہ الیگزینڈرا پرمینووا اور محترمہ لاریسا شاشوک شامل تھے۔ پاکستان کی نمائندگی آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر سہیل محمود اور ماسکو میں پاکستانی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکرٹری جیٹھا نند نے کی۔

دونوں فریقین نے اس ملاقات میں بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی جغرافیائی سیاسی منظرنامے، سیکورٹی چیلنجز، اور سیاسی، اقتصادی، انسانی و تزویراتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ ساتھ ہی یوریشیائی خطے میں کثیر الجہتی تعلقات اور پائیدار ترقی کے نئے راستے بھی تلاش کیے گئے۔

یہ میٹنگ دونوں اداروں کے مابین مضبوط ادارہ جاتی شراکت داری کا حصہ ہے، جو اپریل 2025 میں اسلام آباد میں طے پانے والے مفاہمت کی یادداشت (MoU) کے بعد مزید مستحکم ہوئی ہے۔ اس MoU کا مقصد مشترکہ تحقیقی منصوبوں، علمی تبادلوں اور دوطرفہ مکالمے کو فروغ دینا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں طرف سے پاکستان اور روس کے درمیان علمی، تحقیقی اور اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینے اور کثیر جہتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button