بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان مالی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مالی استحکام حاصل کرنے کے بعد معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اکیس ارب چالیس کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی خسارہ کم ہو کر دو اعشاریہ چھ فیصد رہ گیا ہے، جو بائیس سال کی کم ترین سطح ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ترسیلات زر میں مسلسل نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آئی ٹی خدمات کی برآمدات چار ارب ساٹھ کروڑ ڈالر تک پہنچیں اور رواں سال ان کے ساڑھے پانچ ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو تین اعشاریہ سات فیصد رہی اور رواں سال اس کے چار فیصد سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بڑے پیمانے کے پیداواری شعبے میں نمایاں بحالی ہوئی ہے اور یہ درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے سخت محنت اور مشکل فیصلوں کے بعد معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے اور ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

محمد اورنگزیب نے خبردار کیا کہ لانگ مارچ، ہڑتالیں اور دھرنے قومی ترقی کے اس سفر میں خلل ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے قومی معیشت کو روزانہ ایک سو بیس ارب روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔

وزیر خزانہ نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button