بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

ترجمان اردو یونیورسٹی نے پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطا کی زیادہ معاوضے میں تقرری کی خبروں کی تردید کر دی

پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطا بہت کم تنخواہ پر بطور شیخ الجامعہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں، انھوں نے تمام فیصلے میرٹ پر کئے، ترجمان ڈاکٹر ارم فضل

وفاقی اردو یونیورسٹی کی ترجمان ڈاکٹر ارم فضل نے پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطا کی زیادہ معاوضے میں تقرری کی خبروں کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطا بہت کم تنخواہ پر بطور شیخ الجامعہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں،انھوں نے تمام فیصلے میرٹ پر کئے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کی ترجمان ڈاکٹر ارم فضل کے مطابق بعض پرنٹ اور سوشل میڈیا ہر چلنے والی ان خبروں میں بالکل صداقت نہیں جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ جامعہ اردو کے موجودہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطا کا تقرر بہت زیادہ یعنی 12 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر ہوا ہے۔درحقیقت وہ بہت کم تنخواہ پر بطور شیخ الجامعہ ،  اردو یونیورسٹی میں رجوع بکار ہوئے ہیں تاکہ یہاں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام کر کے جامعہ کی حالت زار کو بہتر کرسکیں۔ جامعہ اردو سالہا سال سے مستقل شیخ  الجامعہ نہ ہونے کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہے۔پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطا  جامعہ اردو میں اعلیٰ تعلیم کی ترویج و ترقی کے عظیم مقصد کی خاطر کینیڈا میں ٹینیورڈ پروفیسر کی ملازمت جس میں ان کی ماہانہ تنخواہ  15 ہزار ڈالرز تقریبا 25 لاکھ پاکستانی روپے ، چھوڑ کرجامعہ اردو میں بطور شیخ الجامعہ فرائض انجام دے دہے ہیں۔  انہوں نے جامعہ میں رجوع بکار ہونے  اور کینیڈا جانے کے لئے سفری اخراجات کے طور پر   جامعہ کے فنڈز بھی استعمال نہیں کئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اطہر عطا نے اب تک تمام فیصلے میرٹ پر کئے ہیں۔ باوجود اس کے کہ انہیں کینیڈا میں بعض فیملی اشوز درپیش ہیں وہ کینیڈا میں ہوکر بھی مستقل جامعہ کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں ۔انہوں نے جامعہ کی تمام باڈیز کے  اجلاس بروقت اور تواتر سے منعقد کرائے ہیں اور آن لائن ان کی صدارت بھی کی ہے۔ وہ شمالی امریکہ کی کئی جامعات سے رابطے میں ہیں تاکہ ان کے اور جامعہ اردو کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوسکیں جن کے تحت جامعہ اردو کے اساتذہ، غیر تدریسی ملازمین اور طلبہ بین الاقوامی جامعات سے تعلیم و تربیت کے لئے مستفید ہوسکیں گے۔ ترجمان کے مطابق شمالی امریکہ کی مختلف جامعات سے معاہدے کے تحت مختلف کورسز جامعہ اردو کے طلبا کو مختلف شعبہ جات میں پڑھائے جائیں گے جن کی مالیت کم از کم 24 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہے ۔ ایسے ہی ایک معاہدے کے تحت جامعہ اردو کے کم از کم 10 طلبہ بین الاقوامی جامعات میں وظائف کے تحت تعلیم حاصل کرسکیں گے۔  یہ تاثر بھی قطعی غلط ہے کہ جامعہ کے ملازمین کو تنخواہ نہیں دی گئی درحقیقت فنڈز کی وصولی   میں تاخیر کے باعث تنخواہ دیر سے دی گئی لیکن تمام ملازمین کو پوری تنخواہ ادا کر دی گئی ہے جس کے بعد شیخ الجامعہ نے اپنی تنخواہ کے اجرا کے احکامات دیے۔ انشااللہ شیخ الجامعہ جلد پاکستان تشریف لے آئیں گے۔ ان تمام حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے بعض پرنٹ اور سوشل میڈیا پر چلنے والی  ایسی گمراہ کن خبروں میں کوئی صداقت نہیں جس میں ان سے متعلق غلط باتیں منسوب کی جارہی ہیں۔ جامعہ ان تمام خبروں کی سختی سے تردید اور مذمت کرتی ہے۔

مزید پڑھیے  نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں مختلف کورسز کے اجرا کی منظوری
Back to top button