
کیسپرسکی کا 2027 میں سپلائی چین سائبر خطرات سے متعلق انتباہ، آئی ٹی اور ٹیلی کام کمپنیاں ہیکرز کا اہم ہدف قرار
سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی نے خبردار کیا ہے کہ 2027 میں اوپن سورس سافٹ ویئر، سافٹ ویئر کی تیاری اور اپ ڈیٹ کے نظام مصنوعی ذہانت کے ماڈلز اور اے آئی ایجنٹس، سپلائی چین سائبر حملوں کے اہم داخلی راستے بن سکتے ہیں۔ کیسپرسکی کی نئی پیش گوئیوں کے مطابق سائبر حملہ آوروں کے بنیادی اہداف میں صارفین کی لاگ اِن معلومات چرانا اور سائبر جاسوسی شامل ہوں گے۔ کیسپرسکی کے مطابق آئی ٹی اور ٹیلی کام کمپنیاں سائبر حملہ آوروں کے لیے ترجیحی اہداف رہیں گی، کیونکہ کسی ایک سروس فراہم کرنے والی کمپنی کے نظام میں نقب لگانے سے اس کے متعدد صارفین تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
کیسپرسکی کے سالانہ سیکیورٹی بلیٹن میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2026 میں سپلائی چین سائبر حملے معمول کا حصہ بن گئے، جہاں تقریباً ہر ماہ بڑے سائبر واقعات سامنے آئے۔ مارچ 2026 میں شائع ہونے والی کیسپرسکی کی ایک تحقیق کے مطابق، تقریباً ہر تین میں سے ایک کمپنی (31 فیصد) کو گزشتہ 12 ماہ کے دوران سپلائی چین سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس سے یہ رپورٹ ہونے والا سب سے عام سائبر خطرہ بن گیا۔ تاہم، صرف 9 فیصد شرکا نے اسے سب سے خطرناک خطرہ قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی ماڈلز میں نقصان دہ تبدیلیاں شامل کیے جانے کا خدشہ بھی ہے، جبکہ اے آئی ایجنٹس اور ایم سی پی سرورز بیک ڈورز پھیلانے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ اس طرح سپلائی چین حملوں اور قابلِ اعتماد کاروباری شراکت داروں کے ذریعے کیے جانے والے حملوں کے درمیان فرق بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ اے آئی ماڈلز کی دستیابی مستقبل میں سپلائی چین کا ایک اہم خطرہ بن سکتی ہے۔ جن ممالک میں مقبول اے آئی ماڈلز تیار کیے جاتے ہیں، وہاں ہونے والی قانونی اور ضابطہ جاتی تبدیلیاں بیرونِ ملک ان ماڈلز کے استعمال پر پابندیاں عائد کر سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں کسی سائبر حملے کے بغیر بھی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
کیسپرسکی کے سیکیورٹی آپریشنز سینٹر کے سربراہ سرگئی سولداتوف نے کہا کہ ”تمام سیکیورٹی کا بنیادی انحصار اعتماد پر ہوتا ہے۔ کوئی بھی ادارہ ہر چیز کی خود تصدیق نہیں کر سکتا۔ کسی نہ کسی مرحلے پر اسے کمپائلر، اوپن سورس لائبریری یا کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والے ادارے پر بھروسا کرنا پڑتا ہے۔ سائبر حملہ آور بھی اس حقیقت کو سمجھتے ہیں، اسی لیے سپلائی چین حملوں سے مکمل طور پر بچنا ایک بڑا چیلنج ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت اب سپلائی چین کا حصہ بن چکی ہے۔ یہ حملہ آوروں کو زیادہ جدید اور پیچیدہ میل ویئر تیار کرنے میں مدد دیتی ہے اور خود بھی سائبر حملوں کا داخلی راستہ بنتی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق کمپنیوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کن ٹیکنالوجیز اور سروسز پر انحصار کر رہی ہیں، کن اداروں کو کس نوعیت کی رسائی فراہم کی گئی ہے اور اگر سپلائی چین کی کسی ایک کڑی کو نقصان پہنچے تو اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے۔
کیسپرسکی نے سپلائی چین سے متعلق سائبر خطرات کم کرنے کے لیے اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اوپن سورس سافٹ ویئر، اے آئی ماڈلز، سرورز اور اے ٓئی ایجنٹس کی تمام اسکلز سمیت اپنے ٹیکنالوجی نظام میں استعمال ہونے والے اجزا کی مکمل فہرست مرتب کریں اور انہیں سائبر خطرات سے متعلق انٹیلی جنس کے ذریعے باقاعدگی سے چیک کریں۔
کیسپرسکی نے مزید سفارش کی ہے کہ ادارے کیسپرسکی کنٹینر سکیورٹی استعمال کریں۔ کمپنی نے کیسپرسکی ڈیجیٹل فٹ پرنٹ انٹیلی جنس کے ذریعے سپلائرز کے متاثرہ اکاؤنٹس، لیک ہونے والے ڈیٹا اور غیر محفوظ بیرونی سسٹمز کی نشاندہی کرنے کی سفارش بھی کی ہے، تاکہ حملہ آوروں کے فائدہ اٹھانے سے پہلے ممکنہ خطرات کا پتا لگایا جا سکے۔















