
احسن اقبال کا چینی شہریوں اور منصوبوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان کی چین کو سالانہ برآمدات تقریباً 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 20 سے 25 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے پاکستانی مصنوعات کو چینی منڈی تک زیرو ٹیرف رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
چینی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شینگ سے ملاقات کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ چین کی جانب سے افریقی ممالک کو دی گئی ٹیرف رعایتیں پاکستانی برآمدات کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایک قابلِ عمل ماڈل ثابت ہو سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مجوزہ پاکستان-چین نالج کوریڈور کے لیے بھی تعاون طلب کیا، جس کے تحت آئندہ 10 سال کے دوران تقریباً 10 ہزار پاکستانی اسکالرز کو ڈاکٹریٹ کی تعلیم اور خصوصی تحقیقی پروگراموں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس منصوبے میں وظائف، چین کی ممتاز جامعات کے ساتھ شراکت داری اور مشترکہ مالی معاونت شامل ہے۔ ترجیحی شعبوں میں مصنوعی ذہانت، انجینئرنگ، جدید مینوفیکچرنگ، جدید زراعت، بائیوٹیکنالوجی اور معدنیات کے علوم شامل ہیں۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے احسن اقبال نے صنعتی اور زرعی تعاون، کاروباری شراکت داری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، معدنیات اور ماحول دوست ترقی کو اہم ترجیحات قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کے تحت تقریباً 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، بجلی کی پیداوار میں 8 ہزار میگاواٹ سے زائد اضافہ کیا گیا اور 888 کلومیٹر طویل شاہراہیں اور موٹرویز تعمیر کی گئیں، جبکہ تقریباً 2 لاکھ 36 ہزار براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے کو پاکستان کے ترقیاتی پروگرام ’’اڑان‘‘ اور چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے پالیسیوں کے تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اس موقع پر چینی شہریوں اور پاکستان میں جاری چینی منصوبوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔















