
پاکستان، ترکیہ کا اقتصادی تعاون، تجارتی روابط بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور ترکیہ نے موجودہ اقتصادی مواقع کو تجارت اور سرمایہ کاری کے ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے ادارہ جاتی روابط برقرار رکھنے، کاروباری تعاون اور قریبی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔
یہ اتفاق رائے آج استنبول میں اقتصادی اور تجارتی تعاون کی قائمہ کمیٹی کے بیالیسویں اجلاس کے موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان اور ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
جام کمال خان نے پاکستان میں ترک کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع خصوصاً کراچی میں انڈسٹریل پارک میں ترک کاروباری اداروں کے لیے مختص ایک ہزار ایکڑ اراضی کا ذکر کیا۔
وفاقی وزیر نے ترک کاروباری اداروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں صنعتی یونٹس قائم کرکے اور اپنی پیداواری و سرمایہ کاری پرمبنی سرگرمیوں کو وسعت دے کر اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے ترکیہ میں پاکستانی باسمتی چاول کی مارکیٹنگ اور تشہیر کو موثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستانی چاول کی منڈی میں موجودگی اور صارفین میں پہچان کو بڑھایا جا سکے۔















