
خیبرپختونخوا کے لیے ایک سو ساٹھ ارب روپے مالیت کے پیکیج کو حتمی شکل دے دی گئی: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لیے ایک سو ساٹھ ارب روپے مالیت کے ترقیاتی اور سکیورٹی پیکیج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔
وزیراعظم نے مسلح افواج، نئی صوبائی حکومت اوروفاقی حکومت کے باہمی تعاون سے صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے فروغ کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سے تین ہفتے کے دوران پاکستانی وفد نے تہران کے دو دورے کیے۔
انہوں نے کہا کہ ان دوروں میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔
علاقائی کشیدگی کے باعث ایندھن کی قیمتوں پر پڑنے والے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریفائنریز کے ساتھ رابطوں کے نتیجے میں پیٹرول پر فی لیٹر پندرہ روپے کا اضافی بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن پر سبسڈی کی اسکیم بھی شفاف اور کامیاب انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم کم از کم اگلے ماہ کے اختتام تک جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سپلائی اور تقسیم کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے طریقہ کار کے نفاذ سے ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ موسم سرما کے دوران ایل این جی، ایل پی جی اور توانائی کے دیگر ذرائع کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو محدود رکھنے کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کی مدت کے دورا ن روزانہ کی بنیاد پر انتظامی امور کی سہل انجام دہی کیلئے وزیر اعلی کو تفویض شدہ اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی منظوری دی ۔
گورنرایسے تمام اختیارات کے استعمال کے حوالے سے ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔
وفاقی کابینہ نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا ایڈوائزی کونسل، گورنر خیبر پختونخوا کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بہتری وخوشحالی اور صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئےبھرپور کاوشیں یقینی بنائیں گے۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کر دی ہے یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا تھا۔
کویتی حکومت نے 19 جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کی تھی۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی ہے۔
کابینہ کو بتایاگیا کہ نئے کرنسی نوٹس کے ڈیزائن کیلئے ملک بھر سے مصوروں و ڈیزائنرز سے تجاویز لی گئیں اور وزیرِ اعظم کی جانب سے قائم کر دہ کابینہ کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس پر تفصیلی مشاورت کی۔
جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے نئے نوٹوں پر سیکیورٹی فیچرز بڑھانے کے ساتھ ساتھ جدید میٹریل کا استعمال کیا جائیگا جس سے نوٹوں کے استعمال کی میعاد میں بھی اضافہ ہوگا.
وفاقی کابینہ نے دس روپے کے بینک نوٹ کی جگہ دس روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری بھی دے دی۔















