
سہ فریقی ون ڈے سیریز، پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دیدی
تین ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلےگئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری، صائم ایوب 7 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے بعد فخر زمان 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کے خلاف پاکستان کی تیسری وکٹ 106 رنز پر گری، بابر اعظم 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر107 رنزکی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ سعد بیگ نے 39، حسن نواز نے37 اور عرفات منہاس نے18 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنانڈو نے3 اور دلشن مدوشناکا نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
306 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 48 اعشاریہ 1اوور میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے کمیندو مینڈس نے 44، پون رتھنائیکے نے 79 اور جنیتھ لیاناگے نے 60 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔
کپتان شاہین آفریدی اور سعد بیگ کے علاوہ پاکستانی ٹیم میں صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، حسن نواز ، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔















