
پاکستان کی ٹیکنالوجی کی صنعت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، شزہ فاطمہ
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکنالوجی صنعت نوجوان افرادی قوت کی صلاحیت اور استعداد کی بدولت ترقی کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ہواوے کے گلوبل سروس سینٹر کے دورے کے دوران کہی۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیت لاگت اور معیار دونوں لحاظ سے مسابقتی ہے۔
انہوں نے خدمات کے شعبے میں آئی ٹی افرادی قوت کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کا اہم ستون اور زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ تقریباً بیس فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے آئی ٹی برآمدات کے مقرر کردہ پچیس ارب ڈالر کے ہدف کے حصول کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے شزہ فاطمہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہواوے پاکستان میں اپنی موجودگی اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دے گی۔















