
پاکستان کا مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی اشیاء پر برطانوی پابندی کا خیرمقدم
پاکستان نے برطانیہ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیاء پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایسے غیر قانونی اقدامات دو ریاستی حل کے حصول اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
پاکستان نے کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن سمیت دیگر ممالک کی جانب سے بھی اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
پاکستان نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی کارروائیوں کے خلاف واضح پیغام ثابت ہوں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔















