
پاکستان اور جاپان کے درمیان سیلاب سے بچاؤ کے منصوبے کے لیے 1 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کا معاہدہ
پاکستان اور جاپان نے سندھ میں دریائے سندھ کے سیلاب سے تحفظ اور حفاظتی پشتوں کی بہتری کے منصوبے کے لیے تقریباً 1 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
اس منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور سیلاب سے متاثر ہونے والے کمزور طبقات کی قدرتی آفات کے مقابلے میں استعداد بڑھانا ہے۔
اسلام آباد میں سیکرٹری اقتصادی امور محمد ہمایوں کریم کڈوائی اور پاکستان میں جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر دستخط کیے اور ان کا تبادلہ کیا۔
گرانٹ معاہدے پر ایڈیشنل سیکرٹری صبیحہ قریشی اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) کے پاکستان میں سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے۔
جاپان کی جانب سے فراہم کی جانے والی تقریباً 16.4 ملین ڈالر کی گرانٹ سے منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت سندھ کے علاقے لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کی بہتری اور مضبوطی پر توجہ دی جائے گی۔















