
پاک فضائیہ کا دن آج ملک بھر میں منایا گیا
پاکستان میں پاک فضائیہ کا دن آج 7 ستمبر کو ملک بھر میں منایا گیا۔ اس موقع پر قوم پاک فضائیہ کے بہادر ہیروز کی جرأت، قربانیوں اور ملکی فضائی حدود کے دفاع میں ان کے کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے ان افسران اور فضائی جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ دن پاکستان کی فضائی حدود کے تحفظ میں پاک فضائیہ کی شاندار خدمات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔
1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار اور مئی 2025 میں معرکۂ حق کے دوران اس کی کارکردگی کو پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت قرار دیا گیا ہے۔
1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی پائلٹس نے محدود وسائل کے باوجود بھارتی فضائی حملوں کا مقابلہ کیا اور فضائی محاذ پر اپنی مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔
پاک فضائیہ کے معروف فائٹر پائلٹ ایم ایم عالم نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے پانچ ہاکر ہنٹر ایم کے 56 طیارے مار گرائے، جسے پاک فضائیہ کی تاریخ کا ایک نمایاں کارنامہ قرار دیا جاتا ہے۔















