
تجارت
مہنگی بجلی پر انحصار کم کرنے کے لیے سولر توانائی کو فروغ دیا جا رہا ہے، اویس لغاری
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی پر انحصار کم کرنے کے لیے حکومت سولر بجلی کو فروغ دے رہی ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے شعبے میں نتیجہ خیز اصلاحات متعارف کرانے پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ نجکاری کے ذریعے شعبے کی غیر مؤثر کارکردگی کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کئی شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے، جن میں آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی اور دوبارہ مذاکرات اور صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی شامل ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اویس لغاری نے کہا کہ حکومت سولر بجلی کے فروغ کے ساتھ توانائی ذخیرہ کرنے کے لیے بیٹریوں کی تنصیب پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ زیادہ طلب کے اوقات میں مہنگی بجلی پر انحصار کم کیا جا سکے۔















