
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع چاغی اور پشین میں سکیورٹی فورسز نے متعدد کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم پراکسی گروہوں سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے گزشتہ روز این-40 کوئٹہ، تفتان شاہراہ پر مسافروں کی پرامن نقل و حرکت میں خلل ڈالنے اور بھتہ خوری کے لیے غیرقانونی ناکہ قائم کرنے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
رات کے وقت فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنی قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنا تھا۔
فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران اور کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار سمیت چھ بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گردونواح میں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا خاتمہ اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ وژن "عزمِ استحکام” کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔















