بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

لاہور میں کچرا پھینکنے کے خلاف ای چالان سسٹم کا آغاز

لاہور میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور شہر کو کچرے سے پاک بنانے کے لیے ستھرا پنجاب لاہور نے کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ای چالان سسٹم شروع کردیا ہے۔

اس حوالے سے آج لبرٹی چوک لاہور میں آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ستھرا پنجاب لاہور شیریار عارف خان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او شیریار عارف خان نے بتایا کہ کچرا پھینکنے پر ای چالان وارننگ کا آغاز آج سے کردیا گیا ہے۔ شہر بھر کی سڑکوں، بازاروں اور تجارتی علاقوں میں ستھرا پنجاب لاہور کے اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کا مقصد لاہور کو کچرے سے پاک شہر بنانا ہے، جبکہ شہریوں کو کچرے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے اور صفائی سے متعلق قوانین سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

صفائی کے انتظامات کے تحت کچرا پھینکتے ہوئے پکڑے جانے والے افراد کو ابتدا میں فوری کارروائی کے بجائے وارننگ دی جائے گی اور صفائی کے قوانین سے آگاہ کیا جائے گا، تاہم بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سڑکوں پر کچرا پھینکنے یا جلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

ستھرا پنجاب لاہور کے مطابق اینٹی لٹرنگ اسکواڈ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور ستھرا پنجاب اتھارٹی ایکٹ 2026 کے تحت کارروائی کرے گا۔

قوانین کے تحت عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر ایک ہزار سے 10 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا، جبکہ گھر، دکان یا فیکٹری کے باہر صفائی برقرار نہ رکھنے پر ایک ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔

دکانوں اور شاپنگ مالز میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے استعمال پر ایک ہزار سے 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

کچرا جلانے پر ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 2 سال تک قید ہوسکتی ہے، جبکہ فیکٹری یا کسی فرد کی جانب سے ٹائر جلانے پر 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 7 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

شفافیت یقینی بنانے کے لیے تمام جرمانے صرف بینکنگ یا ڈیجیٹل ذرائع سے جمع کرائے جائیں گے، جبکہ متعلقہ اہلکاروں کو نقد رقم وصول کرنے سے مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button