بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی آئندہ سال کی سربراہی سنبھال لی

پاکستان نے باضابطہ طور پر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی آئندہ ایک سال کے لیے سربراہی سنبھال لی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایس سی او کی سربراہی "وژن کو عملی اقدام میں تبدیل کرنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی” کے عنوان سے کرے گا۔

وزیراعظم نے کرغزستان کو ایس سی او سربراہ اجلاس کامیابی سے منعقد کرنے اور تنظیم کی مؤثر قیادت پر مبارکباد بھی دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہیں آج بشکیک میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی اسپرٹ کی رہنمائی میں ایس سی او گزشتہ 25 برسوں کے دوران علاقائی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کی مذمت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے ایس سی او رکن ممالک کو یاد دلایا کہ پانی خطے کی زندگی ہے اور اسے کبھی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ مشترکہ آبی وسائل سے متعلق پابند معاہدوں پر ان کی روح اور متن کے مطابق عمل درآمد ہونا چاہیے۔

وزیراعظم نے اعتماد کا اظہار کیا کہ ایس سی او مزید مضبوط ہوتی رہے گی اور اپنے تین ارب سے زائد افراد کی زندگیوں میں بامعنی بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button