
سی ڈی ایف اور شامی وزیر خارجہ کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وفد کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شام کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور عالمی امن و علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔
انہوں نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
شامی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں روابط و تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔















