بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی الوداعی ملاقات

پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے محمد یحییٰ کا پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ان کے دورِ تعیناتی کے دوران انجام دی گئی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی اور انسانی ہمدردی سے متعلق ترجیحات، بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار، خصوصاً 2022 کے سیلاب کے دوران اقوام متحدہ کی کوششوں کو بھی سراہا۔

شہباز شریف نے محمد یحییٰ کو اقوام متحدہ کے دفترِ رابطہ برائے انسانی امور (OCHA) میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان قریبی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

محمد یحییٰ نے وزیراعظم کی جانب سے پذیرائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے دورِ ذمہ داری کے دوران حکومت پاکستان کی جانب سے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور پاکستان کی ترقی و انسانی ہمدردی کے ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے کے لیے اقوام متحدہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، معاون خصوصی وزیراعظم سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button