
لیفٹیننٹ کرنل جنید علی کا تاریخی کارنامہ، ایف کلاس ورلڈ شوٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
پاکستان کے لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے برطانیہ کے شہر بسلی میں منعقد ہونے والی 7ویں ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی ورلڈ چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن (PLRA) کی ٹیم نے بھی عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ، سلور اور برونز میڈلز حاصل کیے۔
لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 3 گولڈ، 1 سلور اور 1 برونز میڈل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے تینوں فاصلوں پر غیر معمولی مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 207 شرکاء پر مشتمل میدان میں سبقت حاصل کی اور انفرادی FTR ورلڈ چیمپئن بن گئے۔
انفرادی ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل چیمپئن شپ کا انتہائی اہم اعزاز سمجھا جاتا ہے، جس کے لیے تینوں فاصلوں پر اعلیٰ ترین مستقل مزاجی درکار ہوتی ہے۔
7ویں ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ کا آغاز 12 اگست 2026 کو برطانیہ کے بسلی میں ہوا، جس میں 24 ممالک کے 207 بہترین لانگ رینج شوٹرز نے شرکت کی۔
یہ کامیابی پاکستان کی بین الاقوامی ایف کلاس تاریخ میں لیفٹیننٹ کرنل جنید علی کی سب سے بڑی انفرادی کامیابی قرار دی گئی ہے۔















