بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

تعمیراتی شعبے میں اصلاحات کے لیے جامع ترقیاتی پیکیج پر غور کیلئے اجلاس

اسلام آباد، 15 اگست 2026: حکومت تعمیراتی شعبے میں اصلاحات اور قومی معیار کو بلند کرنے کے لیے ایک جامع ترقیاتی پیکیج پر غور کر رہی ہے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں مجوزہ ترقیاتی پیکیج پر غور کیا گیا۔

مجوزہ پیکیج میں کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ (CIDB) کے قیام، کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ بینک (CDB) کے قیام کے جائزے، درآمد و برآمد کی پالیسیوں کو معقول بنانے اور تعمیراتی شعبے کے لیے ہدفی ٹیکس اصلاحات شامل ہیں۔

احد چیمہ نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ تعمیراتی شعبے کی مجموعی ترقی کے ساتھ ساتھ صنعت کے معیار، ٹھیکیداروں اور کنسلٹنٹس کی نگرانی کے لیے ریگولیٹری کردار بھی ادا کرے گا۔ بورڈ میں سرکاری اور نجی شعبے کے نمائندے شامل ہوں گے اور یہ قومی تعمیراتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔

وزیر نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر عوامی بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ کم لاگت اور پائیدار ہو۔

انہوں نے کہا کہ قومی وسائل ایک امانت ہیں اور ناقص تعمیر یا تکنیکی ڈیزائن کی خامیوں کے باعث انہیں ضائع ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی اور ریگولیٹری دونوں کردار ادا کرنے والا آزاد بورڈ احتساب یقینی بنانے، تنازعات کے حل کو مؤثر بنانے اور قومی تعمیراتی معیار کو عالمی سطح تک بلند کرنے میں مدد دے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button