بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ملک بھر میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریبات

پاکستان بھر میں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور مختلف شہروں میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی تھے۔ انہوں نے تحریک پاکستان میں حصہ لینے والے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا، پھولوں کی چادر چڑھائی اور قیام پاکستان کے لیے کردار ادا کرنے والی شخصیات کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

یوم آزادی کے موقع پر جی ایچ کیو سمیت مسلح افواج کے تمام ہیڈکوارٹرز میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔ قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ ملکی دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے قومی پرچم لہرایا، جبکہ وفاقی آئینی عدالت میں چیف جسٹس جسٹس امین الدین نے پرچم کشائی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا اور نوجوان نسل کو قیام پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس جسٹس سرفراز ڈوگر نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سینئر ججز، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے ارکان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

لاہور کے گورنر ہاؤس میں پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے پرچم کشائی کی۔ امریکی، چینی اور ایرانی قونصل خانوں کے نمائندگان نے بھی تقریب میں شرکت کی اور گورنر کے ہمراہ یوم آزادی کا کیک کاٹا۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ بعد ازاں سندھ کے گورنر نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، قومی پرچم لہرایا، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

پشاور کے گورنر ہاؤس میں خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا اور پاک فوج، فرنٹیئر کور، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

کوئٹہ میں صوبائی اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کو بے مقصد جنگ میں دھکیلنے والے یقینی شکست سے دوچار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

گلگت میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، جہاں وزیراعلیٰ امجد حسین نے قومی پرچم لہرایا اور ملک کے امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں بھی یوم آزادی کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سلامی، یونیورسٹی کے نئے ترانے کی رونمائی اور شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔ طلبہ کی جانب سے پیش کیا جانے والا نیا ترانہ شرکا نے سراہا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button