
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کل ہوں گے
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لیے پولنگ کل مظفرآباد ڈویژن میں ہوگی۔
اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی جنرل نشستوں کے علاوہ بارہ مہاجر نشستوں پر بھی ووٹنگ کرائی جائے گی۔
جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے مہاجرین نے بارہ مخصوص مہاجر نشستوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نشستیں ان کی شناخت، ثقافت اور مؤثر نمائندگی کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
آزاد کشمیر میں مقیم جموں و کشمیر کے مہاجرین کا کہنا ہے کہ ان کی شناخت، نمائندگی اور پاکستان سے وابستگی ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی مسلسل حمایت اور یکجہتی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔
مہاجرین نے کہا کہ اسی غیر متزلزل عزم کے تحت حکومتِ پاکستان نے جموں و کشمیر کے مہاجرین کی مؤثر نمائندگی برقرار رکھنے کے لیے بارہ مخصوص نشستیں مختص کر رکھی ہیں۔














