
وزیراعظم شہباز شریف کا پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی آزمودہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور رواں سال مئی میں اپنے دورۂ چین کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ہونے والے اہم فیصلوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ دونوں ممالک کے عوام مشترکہ طور پر ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ، افغانستان اور جنوبی ایشیا سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا آہنی بھائی (Iron Brother) سمجھتا ہے اور پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔















