
امریکی کانگریسی وفد کا علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف
امریکی کانگریس کے وفد نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا ہے۔
امریکی کانگریسی وفد، جس میں ریان زنکے اور مائیکل باؤم گارٹنر شامل تھے، نے منگل کے روز اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ پارلیمانی روابط کا تسلسل باہمی اعتماد کے فروغ اور دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
امریکی کانگریسی وفد نے امریکا کی معیشت اور معاشرے میں متحرک پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو سراہا اور اسے پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی ارکانِ کانگریس نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔















