
صدر آصف علی زرداری کی مالدیپ کو یومِ آزادی پر مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معز اور عوام کو ان کے قومی یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ رواں سال مالدیپ کا یومِ آزادی اس اعتبار سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 61 برس مکمل ہو رہے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ اہم سنگِ میل دونوں ممالک کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط مضبوط دوستی، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا رشتہ مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔
صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا، جو دونوں ممالک کے عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔















