
صدر مملکت کی منگولیا کے قومی دن پر مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری نے منگولیا کے قومی دن کے موقع پر صدر اوخناگین خورلسوخ، حکومت اور عوامِ منگولیا کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن منگولیا کی عظیم تاریخ، بھرپور ثقافتی ورثے اور اس کے عوام کے عزم و حوصلے کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور منگولیا کے درمیان باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی و کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر مبنی خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تجارت، زراعت، استعداد کار میں اضافے اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امن، دوستی اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کی روشنی میں پاکستان اور منگولیا کے درمیان دوستی کے روابط آئندہ برسوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔















