
پاکستان اور سری لنکا کا غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے سدباب کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق
نیویارک (سی این پی )پاکستان اور سری لنکا نے منشیات کے خلاف کارروائیوں میں رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے اور پولیس تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے سری لنکن ہم منصب آنندا وجے پالا کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور جعلی پاسپورٹس پر سفر کے سدباب کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور سری لنکا کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے ویزا سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔















