
پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
پاکستان اور چین نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ پیش رفت اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چین کے نائب وزیر برائے عوامی تحفظ اور اسپیشل سروس بیورو کے سربراہ لِنگ ژی فینگ کے درمیان ملاقات میں سامنے آئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے داخلی سلامتی کے امور میں تعاون کو وسعت دینے، سرحدی انتظام کو مؤثر بنانے، غیر قانونی امیگریشن اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کو ہر سطح پر روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کی سرپرستی اور معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف مشترکہ طور پر کام کرنے پر زور دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے اسپیشل پروٹیکشن پولیس فورس قائم کی گئی ہے۔
محسن نقوی نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے عوامی روابط کو اہم قرار دیتے ہوئے ویزا نظام میں سہولت کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
چین کے نائب وزیر برائے عوامی تحفظ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔















