
شمسی توانائی کے ذریعے صاف، سستی اور پائیدار توانائی کا فروغ قومی توانائی پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شمسی توانائی کے ذریعے صاف، سستی اور پائیدار توانائی کا فروغ قومی توانائی پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔
وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کی جائیں۔
شہباز شریف نے سولر منصوبے کی خریداری کے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تمام ادائیگیاں تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے بعد ہی کی جائیں۔
اجلاس کو گلگت بلتستان سولر پاور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت دسمبر 2026 تک 499 سرکاری عمارتوں پر بیٹری اسٹوریج سمیت 18 میگاواٹ کے روف ٹاپ سولر سسٹمز نصب کیے جائیں گے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 82 میگاواٹ یوٹیلٹی اسکیل سولر منصوبے کا پی سی-ون منظوری کے لیے ایکنک (ECNEC) کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ منصوبے سے تقریباً 13 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔















